اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی خون خرابہ اور تصادم چاہتی ہے ، بانی پی ٹی آئی کو پریشانی ہے کہ ملک سیدھی پٹری پر کیوں چل رہا ہے ، بانی پی ٹی آئی پہلے خود کو ذہنی غلامی سے تو آزاد کریں اور آزادی کی جدوجہد کے لیے پہلے اپنے بیٹوں کو واپس بلائیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ فیصل واوڈا نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنے اقتدار کیلئے لاشیں چاہئیں، پی ٹی آئی کے اندر سے کچھ لوگ چاہتے ہیں معصوم پاکستانیوں کا خون بہے، یہ ڈی چوک اس لیے آئیں گے کیونکہ انہیں تصادم چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آپ غریبوں کو مروانے کے لیے احتجاج کررہے ہیں، یہ بزدلی ہے ۔ بانی پی ٹی آئی اپنی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک رہے ہیں۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اس لیے آگ برسا رہے ہیں کہ وہ وزیراعلیٰ ہیں، وہ صرف ایک پیادہ ہیں لیکن میرے لیے ان کی زندگی بھی اہم ہے کیوں کہ وہ میرے ساتھی رہے ہیں، آپ کے پی کے وسائل اپنے احتجاج کے لیے استعمال کر رہے ہیں،عدلیہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ ملکی معیشت بہتر ہو رہی ہے، ملک میں ایس سی او سمٹ ہورہی ہے، دیگر ممالک کے وزراء اعظم آرہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم سے آئی پی پیز کا مسئلہ حل ہونے جا رہا ہے جس سے غریب آدمی کو بجلی کے بلوں میں براہ راست فائدہ ہوگا، پٹرول سستا ہو رہا ہے، 9 سینٹ کی بجلی دینے کی بات ہو رہی ہے، ملک میں سرمایہ کاری ا ٓرہی ہے، بانی پی ٹی آئی کو پریشانی یہ ہے کہ معیشت بہتر ہوگئی ہے اور ملک پٹڑی پر چڑھ گیا ہے، پاکستان کی ترقی کو اب کوئی بھی نہیں روک سکتا۔