اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کے ساتھ تفصیلی اور نتیجہ خیز بات چیت کے دوران ہم نے پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے تجارت، آئی ٹی، توانائی، زراعت، حلال گوشت کی برآمدات، سیاحت، تعلیم اور دفاع سمیت متعدد امور اور علاقائی اور عالمی پیشرفت بالخصوص غزہ اور لبنان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، ہمارے دوطرفہ تعلقات دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں آنے والے دنوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کے ساتھ تفصیلی اور نتیجہ خیز بات چیت کرکے خوشی ہوئی، ہم نے پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے تجارت، آئی ٹی، توانائی، زراعت، حلال گوشت کی برآمدات، سیاحت، تعلیم اور دفاع سمیت متعدد امور اور علاقائی اور عالمی پیشرفت بالخصوص غزہ اور لبنان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تاریخی مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔انہو ں نے کہا کہ ہمارے دوطرفہ تعلقات دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں آنے والے دنوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔ دونوں فریقوں نے بات چیت کے دوران کئے گئے فیصلوں پر مضبوطی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ وزیراعظم ابراہیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے مجھے ملائیشیا کے دورے کی دعوت دی جس کا میں خوشی سے منتظر ہوں۔