اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان اورڈنمارک کے درمیان مفاہمت کی دستاویز پر دستخط سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے میں مدد ملے گی، معاہدہ پاکستان میں معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ ماحولیات کے تحفظ کے لیے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں اے پی ایم ٹرمینلز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیتھ سویڈسن کے ساتھ ورچوئل ملاقات میں کہی ۔ اس موقع پر وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ، ڈنمارک کے سفیر جیکب لینولف، چیئرمین ایف بی آر اور وزارت خزانہ اور وزارت بحری امور کے سینئر افسران بھی موجودتھے۔ملاقات کا محور دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کے بعد کی حکمت عملی پر غور کرنا تھا جو ایک روز
قبل پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان طے پایا تھا۔ اس یادداشت کا مقصد پاکستان میں معیار زندگی کو بہتر بنانا اور پائیدار معاشی ترقی کو تیز کرنے کے لیے سرکاری و نجی شراکت داری کے تحت ماحول دوست و پائیدار سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں اضافہ کا جائزہ لیاگیا اور زور دیا گیا کہ یہ معاہدہ پاکستان میں معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ ماحولیات کے تحفظ کے لیے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ماحول دوست سرمایہ کاری کے ذریعے نہ صرف پاکستان میں جدید اور ماحول دوست منصوبوں کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کی معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے ڈنمارک کی حکومت اور اے پی ایم ٹرمینلز کے کردار کو سراہا اور کہا کہ حکومت پاکستان ایسے اقدامات کا خیر مقدم کرتی ہے جو ملک میں نہ صرف سرمایہ کاری کو بڑھائیں بلکہ ماحولیات کی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کریں۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مفاہمت کی یادداشت کے تحت مختلف منصوبوں کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا تاکہ عوام کو ان کے ثمرات جلد میسر آ سکیں۔