لاہور (بیورورپورٹ)سابق خاتون اول کی قریبی دوست فرح خان نے قومی احتساب بیورو میں اپنی طلبی کے نوٹسز روکنے کے لیے وکیل کے توسط سے نیب کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ۔فرح خان کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے نیب کو نوٹس بھجوایا جس میں فرح خان کے خلاف کارروائی روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نیب کو پبلک آفس ہولڈر کے سوا کسی پرائیویٹ شخص کے خلاف انکوائری یا انویسٹی گیشن کا اختیار نہیں ، کرپشن کا کوئی ثبوت نیب کی جانب سے پیش نہیں کیا گیا۔نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے
کہ قائمقام چیرمین اس قسم کی کارروائی کا اختیار نہیں رکھتے، حالیہ ترامیم کے بعد یہ معاملہ نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، لہٰذانیب نوٹسز فوری طور پر واپس لیے جائیں۔نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر طلبی کا نوٹس واپس نہ لیا گیا تو اعلی عدلیہ سے رجوع کیا جائے گا۔قومی احتساب بیورو لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کو نوٹس جاری کئے تھے اور انہیں 20جولائی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔