کراچی(نمائندہ خصوصی )سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فارماسسٹ کے عالمی دن کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پر ماہرین ادویات نے ان امور پر کس طرح ایسی دواؤں کے بے دریغ استعمال سے بچا جاسکتا ہے جو مریضوں کو غیر ضروری پر تجویز کردی جاتی ہیں ۔تقریب میں وائس چانسلر بقائی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر افتخار احمد نے خصوصی شرکت کی اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیکل میں اے آئی کا استعمال زندگی کو آسان بنا سکتا ہے یہ سب سے بہترین ٹول ہے اس کو میڈیکل میں لازمی استعمال کرنا چاہئے ۔ اے آئی ایسی خصوصیات فراہم کرے گا جو آپ کو نظر آنی چاہئیں ۔ تقریب سے ڈائریکٹر میڈیکل ڈپارٹمنٹ سیلانی ویلفیئر طحہ احمدانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد یہ شعور اجاگر کرنا ہے کہ کس طرح لوگوں کو معیاری دوائیں بروقت مل سکتی ہیں۔ انہوں نے فارماسسٹ کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ فارماسسٹ عالمی صحت کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں اور مریضوں کی حفاظت موثر علاج اور دوائیوں میں غلطیوں سے بچاؤ کو یقینی بنانے میں فارماسسٹ کی اہم خدمات پر توجہ دینا ضروری ہے۔ طحہ احمدانی نے سیلانی کے میڈیکل ڈپارٹمنٹ کے بارے میں بتایا کہ اس وقت 15 کلینک سیلانی ویلفیئر کے ساتھ آن بورڈ ہیں اور 155 اسٹاف بشمول ڈاکٹر ز،پیرا میڈیکل سٹاف اور فارماسسٹ خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 1500 سے زائد مریضوں کو روزانہ جبکہ تقریبا 70 ہزار سے زائد مریضوں کو ماہانہ مفت علاج فراہم کر رہے ہیں۔پروجیکٹ ڈائریکٹر سیلانی ویلفیئر ڈاکٹر غلام سرور نے ٹیکنالوجی کی افادیت کو واضح کرتے ہوئے بتایا کہ آج ہمیں کسی مسئلے میں ڈاکٹرز کی رائے معلوم کرنی ہو تو چند منٹس میں ملک و بیرون ملک سے ڈاکٹرز کو آنلائن لے لیتے ہیں یہ سب ٹیکنالوجی کی وجہ سے آسان ہوا ہے.سیلانی ویلفیئر کے شعبہ میڈیکل کے ایڈمنسٹریٹر وزیر رضا نے معزز مہمانوں کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام میڈیکل ٹیم کو جدید ٹیکنالوجیز کو اپنانے اور ان کے استعمال کے لیے کوشاں رہنا چاہیے تاکہ مریضوں کو بہترین علاج اور دواؤں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔تقریب میں تھراپی کو بہتر بنانے اور مریضوں کے نتائج کو بہتر کرنے کے لیے جدید حکمت عملیوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔