اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شز ہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت ڈیجیٹلائزیشن کے لئے اقدامات جاری ہیں، ملک کو کیش لیس اکانومی میں تبدیل کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔ بدھ کو وزارت آئی ٹی سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبداللہ نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ڈیجیٹلائزیشن اور ای گورننس کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے مابین آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعلقات
میں اضافہ اہم ہے، پاکستان کا آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے، وزیراعظم پاکستان کے وژن کے تحت ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کے لئے اقدامات جاری ہیں، سوسائٹی، اکانومی، گورننس کو ڈیجیٹلائز کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو کیش لیس اکانومی میں تبدیل کرنے کے لئے پر عزم ہے، چاہتے ہیں کہ ملک میں ڈیجیٹل پیمنٹس فروغ پائے، ایتھوپیا پاکستان کے انفارمیشن و کمیونیکیشنز ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کے میدان میں تجربات سے استفادہ کر سکتا ہے، پاکستان ایتھوپیا کو ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے مکمل سپورٹ فراہم کرے گا۔ایتھوپیا کے سفیر نے کہا پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں بہت زیادہ صلاحیت ہے، ایتھوپیا پاکستان کے ساتھ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے،آئی سی ٹی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل کوآرڈینیشن سید جواد علی شیرازی بھی موجود تھے۔