ماسکو۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان دوطرفہ بزنس کے فروغ کے لئے روس سے منصو بے شروع کرنے کے لئے تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ماسکو چیمبر آف کامرس کے صدر پلاتو نوف ولادی میر سے روس میں اجلاس کے دوران کیا ۔اس موقع پر نائب صدر مش چینکو ویلادی سالو، شعبہ جاتی سربراہ لوکا شینکو لیدیا بھی چیمبر آف کامرس کے اجلاس میں شریک تھے۔ماسکو چیمبر آف کامرس کے صدر نے پاکستان سے تجارتی وفد اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی روس آمد کا خیر مقدم کیا ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ روس اور پاکستان کے مابین پہلے بزنس فورم کا انعقاد خوش
آئند ، دو طرفہ تجارتی سرگرمیاں بڑھائیں گے۔روس نے پاکستان کو آئی ٹی ٹیکنالوجی، سیف سٹی منصوبوں، آئی ٹی سینٹر اور دیگر شعبوں میں بھرپور تعاون کی پیشکش کی۔ لیدر اینڈ ٹیکسٹائل،زرعی مصنوعات،فروٹس اینڈ ویجی ٹیبلز اور دیگر مصنوعات کیلئے دوطرفہ کاروباری سرگرمیاں ہوں گی ۔ملاقات میں باہمی سرمایہ کاری کے لئے پاکستان اور روس دونوں کا اپنی اپنی کمپنیوں کی فہرستیں تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا ۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی روس کو پاکستان میں اس ماہ اکتوبر میں ہونے والے ٹیکسٹائل ایکسپو میں شرکت کی دعوت دی۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ روس کو بڑے پیمانے پر بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔انہوں نے کہا کہ روس سے آنے والے کاروباری افراد کو پاکستان میزبانی کرتے ہوئے ائیر ٹکٹ،رہائش اور ٹرانسپورٹ د ے گا، پاکستان دو طرفہ بزنس کے فروغ کے لئے روس سے جوائنٹ وینچرز کے لئے بھی تیار ہے۔صدرماسکو چیمبر آف کامرس نے کہا کہ پاکستان کو میڈیکل سیکٹر،نیوکلیئر میڈیسن اور ٹیکنالوجی کے فروغ میں مدد دے سکتے ہیں، دونوں ممالک ہائی ٹیک،معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں مشترکہ کام کر سکتے ہیں، پاکستان سے 70کمپنیوں کی روس آمد خوش آئند، پاک روس تجارت کا نیا باب شروع ہوگا۔دو طرفہ تجارت میں اضافے کیلئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے روس کے دورے کو کامیاب اور سود مند قرار دے دیا اور کہا کہ ماسکو میں روس کی 100سے زائد کمپنیوں کے سی ای او صاحبان سے ملاقاتیں شاندار رہیں ،ماسکو چیمبر آف کامرس آگے بڑھے، پاکستان روس سے بزنس کمیونٹی کی آمد کا خیر مقدم کرے گا۔