اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی مخاصمانہ صورتحال پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ امن کو ترجیح دیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسرائیل نے حالیہ مہینوں میں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اقدامات کئے جس کے نتیجے میں سنگین انسانی بحران پیدا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں جاری نسل کشی سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے، لبنان پر حالیہ حملے نے کشیدگی میں مزید شدت پیدا کردی ہے جس سے بے گناہ شہریوں کی زندگیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ فلسطین، لبنان اور وسیع خطے کے لوگ خوف اور تشدد سے آزاد زندگی گزارنے کے مستحق ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام فریقوں کے لئے یہ انتہائی ضروری ہے کہ وہ پیچھے ہٹیں اور عالمی برادری کو صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے تیزی سے کارروائی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کی بعض حلقوں کی طرف سے کھلم کھلاخلاف ورزی کے کلچر کو روکنے پر فوری توجہ دی جانی چاہئے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطے میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے، لبنان کی خودمختاری کے تحفظ اور غزہ میں جاری انسانی بحران کے خاتمے کے لئے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی قانون اور متعلقہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور جامع حل کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کی کلید کے طور پر دو ریاستی حل کی مسلسل وکالت کی ہے۔