اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن پرچینی قیادت ،کیمونسٹ پارٹی آف چائنا اورچینی عوام کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کی قیادت نے محنت، عزم اور جذبے کے ساتھ ترقی کی منزل حاصل کی ، چین ترقی پذیر ریاستوں کیلئے رول ماڈل ہے۔ چینی قوم نے اپنی عظیم لیڈر شپ میں غربت، بے روزگاری اور کرپشن کیخلاف کامیاب جدوجہد کی۔ اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی قیادت، کیمونسٹ پارٹی آف چائنا اور عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت نے محنت،عزم اورجذبے کے ساتھ ترقی کی منزل حاصل کی ہے، چین ترقی پذیر ریاستوں کیلئے رول ماڈل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی قوم نے اپنی عظیم لیڈر شپ میں غربت، بے روزگاری اور کرپشن کیخلاف کامیاب جدوجہد کی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ چین پاکستان کاسب سے زیادہ با اعتماد دوست ہے، پاک چین دوستی پوری دنیا میں اپنی مثال آپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین عالمی امور، امن پسندی اور باہمی احترام کے حوالے سے یکساں موقف رکھتے ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین ناقابل تسخیر دوستی اور سٹریٹجک شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔