اومان(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ قیام امن، تعلیم،مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور اسلاموفوبیا کے خاتمے کےلئے پاکستان اور اومان کو ملکر کام کرنا ہوگا،بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ پاکستانی معاشرے کا وصف اور حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اومان کے مفتی اعظم کے معاون خصوصی شیخ ڈاکٹر کہلان الخلوسی سے ملاقات کے دوران کیا، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے دنیا میں امن کے فروغ کے لیے باہمی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا، ملاقات میں قیام امن، تعلیم،مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور اسلاموفوبیا کے خاتمے کےلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا، اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہا بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ پاکستانی معاشرے کا وصف اور حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،پاکستان اور اومان کے عوام تہذیبی ، تاریخی اور مذہبی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں،مذہبی تعلیم، اہم کتب کے متراجم ، وفود کے تبادلوں اور دو طرفہ تعاون اور ایم او یو کےلئے تیار ہیں، چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ مختلف مذاہب میں اعلیٰ انسانی اقدار کے حوالے سے مشترکات کو اجاگر کیا جائے اور مذہبی رواداری کے فروغ کے حوالے سے مل کر کام کیا جائے، شرکاء نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، ملاقات میں اومان میں پاکستان کے سفیر عمران علی چوہدری بھی شامل تھے۔وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے تین روزہ دورہ اومان کے دوران اومان کی سیاسی اور مذہبی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔