اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ و سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے پنجگور بلوچستان میں شرپسند عناصر کی فائرنگ سے مزدوروں کے ظالمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پنجگور میں نہتے اور بے گناہ مزدورں کے بہیمانہ قتل پر دلی دکھ ہوا۔یہاں جاری بیان کے مطابق رانا ثناءاللہ نے کہا کہ بے گناہ افراد کا اس طرح قتل دہشتگردی کی بد ترین مثال ہے،بلوچستان حکومت سے مطالبہ ہے کہ انسانیت کے ان درندہ صفت دُشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت میں اعلی ٰمقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔