اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے ) کی مسقط سے پشاور آنے والی پرواز پی کے -260 میں دوران پرواز تکنیکی خرابی پیدا ہونے پر طیارے کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی لینڈ کروا لیا گیا ،مسافروں کو دوسری پرواز کے ذریعے روانہ کردیا گیا ہے۔پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 260 مسقط سے پشاور کیلئے پرواز کررہی تھی کہ دوران پرواز ایک تکنیکی خرابی پیدا ہوئی جس کے باعث جہاز کو کراچی لینڈ کروایا گیا۔ترجمان نے کہا کہ انجینئرنگ اور مرمت کی سہولیات ہونے کے باعث جہازوں کو کراچی بیس لایا جاتا ہے، پرواز کو احتیاطً کراچی لینڈ کروایا گیا اور تمام ایسے اقدامات کئے گئے جس سے فضائی حفاظت کو کسی قسم کا رسک نہ ہو۔ترجمان نے کہا کہ کراچی ائیرپورٹ پر مسافروں کی دیکھ بھال کی گئی اور ان کو پی کے 368 کے ذریعے روانہ کردیا گیاہے۔