اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے ملاقات کی اور چین کے قومی دن کی مبارکباد پیش کی۔ملاقات کے دوران محسن نقوی نے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی ترقی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چین نے ترقی کے نئے سنگ میل عبور کیے ہیں۔انہوں نے چین کو پاکستان کا سب سے قابل اعتماد اور مخلص دوست قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار تعلقات کے فروغ پر مزید زور دیا۔وزیر داخلہ نے چین کی تیز رفتار ترقی کو دنیا کے لیے ایک ماڈل کے طور پر اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ چین نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی لازوال دوستی پر فخر ہے، جو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے ذریعے نئی بلندیوں تک پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمیشہ مضبوط رہے گی۔ملاقات کے دوران قونصل جنرل ژاؤ شیریں نے پاکستان میں چینی تاجروں کی درخواستوں کی بنیاد پر وزارت داخلہ کی طرف سے کی گئی بعض ترامیم پر وفاقی وزیر سے اظہار تشکر بھی کیا۔انہوں نے پاکستان کو چین کا بہترین دوست کہہ کر اظہار تشکر کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری رہے گا۔ملاقات میں چینی قونصل خانے کے سینئر حکام بھی موجود تھے، فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔