اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں شرپسندعناصر کی فائرنگ سے سات مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک بیان میں وفاقی وزیر نے اس حملے کو "دہشت گردی کی بلا جواز کارروائی” قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ بے گناہ کارکنوں پر اس طرح کے تشدد کو کبھی برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس طرح نشانہ بنانا اور قتل کرنا دہشت گردی کی کارروائی کے سوا کچھ نہیں۔انہوں نےواقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ مزدور محض روزی تلاش کر رہے تھے، ان کا قتل انسانیت اور قانون کی حکمرانی کے خلاف جرم ہے۔وفاقی وزیر نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے فوری کارروائی کرنے پر زور دیا، انہوں نے ہر قسم کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے حکومت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔