اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں انتخابی ڈرامہ فلاپ ہوگیا ہے،غیر ریاستی افراد آباد کرنے کے باوجود ٹرن آئوٹ ماضی کے مقابلے میں کم ہے،جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیریوں نے ان نام نہاد انتخابات کو مسترد کردیاہے۔اتوار کو حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ کشمیر میں انتخابات کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے،جو کشمیریوں کا الیکشن میں ٹرن آؤٹ دکھا رہے ہیں وہ پہلے کی نسبت بہت کم ہے، کشمیر میں 10 لاکھ سے زائد بھارتی فوجی تعینات ہیں جبکہ پانچ لاکھ بھارتیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق دیا گیا، 15 ممالک کے سفارتکاروں کو بلایا گیا ہے،کشمیر میں انتخابات کی مانیٹرنگ کے جو ابزرور ہیں وہ بھی ایک ڈرامہ ہے،ایسے انتخابات میں کشمیریوں نے کبھی ا حصہ نہیں لیا،جتنے بھی امیدوار ہیں وہ بھارت نے پلانٹ کئے ہوئے ہیں ،امیدوار کشمیریوں کے گھر جا کر کہہ رہے ہیں ہم یاسین ملک کو آزاد کرائیں گے،کشمیریوں کو یو این کی قرارداد کے مطابق ہی ٹریٹ کیا جائے، جس طرح فلسطین میں حالات چل رہے ہیں ویسے ہی کشمیر میں چل رہے ہیں،کشمیر کا لال چوک آزادی کی علامت ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ دنیاکی سب سے بڑی اسٹیٹ اسپانسرڈ دہشتگردی کشمیر میں چل رہی ہے،بابری مسجد گرا کر وہاں مندر بنایا گیا ہے،آر ایس ایس بم بنانے کی فیکٹری ہے،ہم مسائل کا حل پر امن طریقے سے چاہتے ہیں ،مقبوضہ کشمیر میں جو صورتحال ہے ہم اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہاں پر انتخابی باڈی بنائی جائے،انڈین ڈرامہ کو بےنقاب کیا جائے،میں نے مختلف ممالک کے سفیروں کو ساری صورتحال سے آگاہ کیا ہے،کشمیر کی ساری لیڈر شپ جیل میں ہے تو یہ کیسے الیکشن ہو رہے ہیں۔مشعال ملک نے کہا کہ جمہوریت اور انسانیت کی تو موت ہو رہی ہے، مقبوضہ کشمیر کو قبرستان بنا دیا گیا ہے،یاسین ملک کو انڈیا پھانسی گھاٹ چڑھانا چاہتا ہے،اقوام متحدہ میں کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ حل نہیں ہو رہا،پورا جنوبی ایشیا اس جنگ کی زد میں ہے،کل لبنان میں جو کچھ ہوا سب نے دیکھا،امن کے سارے راستے ناکام ہو گئے ہیں،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی کھلی خلاف ورزی پر دنیا خاموش ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری حق خود ارادیت چاہتے ہیں،دنیا کو کشمیریوں کی آواز سننی ہوگی،دنیا کو جاگنا ہوگا،اب کشمیری صحافیوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے،میرے شوہر کو بھی جیل میں رکھا ہواکیونکہ وہ کشمیر کی آزادی کا چہرہ ہیں۔