اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم کے خطاب کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کشمیر کے حالات کو دنیا کے سامنے پیش کیا، بھارت کی کشمیر میں دہشتگردی کو ایکسپوز کیا ہے۔وزیراعظم پاکستان کے یو۔این اسمبلی اجلاس خطاب پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ظلم و بربریت،دس لاکھ فوج کی واپسی اور کالے قوانین کو ختم کیا جائے،جب تک اسلحہ اور غیر قانونی فوج کشی کا خاتمہ نہیں ہوتا،5 اگست کے غیر قانونی اقدامات کی واپسی نہیں ہوتی تب تک حالات ٹھیک ہونے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔مشعال ملک نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان نے دنیا کے بلکل درست موقف پیش کیا ہے،عالمی برداری کو مسئلہ کشمیر پر نوٹس لینا چاہیے۔مشعال ملک نے کہا کہ بھارت کشمیر میں جو کچھ کررہا ہے وہ عالمی اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے، بھارت اس وقت دنیا کی سب سے بڑی ریاستی دہشتگردی کررہا ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک فاشسٹ حکومت ہے جو کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے،اکھنڈ بھارت کا بیانہ پورے خطے کو جنگ کی لپیٹ میں لے جاسکتا ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ دنیا نے اگر مسئلہ کشمیر پر توجہ نہ دی تو یہ کشمیریوں کیساتھ بہت بڑی نانصافی ہو گی،مسئلہ کشمیر ایک فلیش پوائنٹ ہے جس سے پورا خطہ متاثر ہو سکتا ہے۔