نیویارک ۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان، چین،روس اور ایران نے افغانستان کی سرزمین سے پیدا ہونے والے سکیورٹی چیلنجز بالخصوص دہشت گردی کے خطرے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افغان عبوری حکومت پر زور دیا ہےکہ وہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرے اور تمام دہشت گرد گروہوں کا خاتمہ کرے،افغان سرزمین کو اپنے ہمسایوں، خطے اور اس سے باہر استعمال ہونے سے روکے۔گزشتہ روز نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر پاکستان،چین،ایران اور روس کے گروپ کے تیسراوزارتی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان کی نمائندگی کی۔اجلاس میں افغانستان کی صورتحال اور افغانستان میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے افغانستان کی سرزمین سے پیدا ہونے والے سکیورٹی چیلنجز بالخصوص دہشت گردی کے خطرے پر تشویش کا اظہار کیا اور افغان عبوری حکومت پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرے اور تمام دہشت گرد گروہوں کا خاتمہ کرے اور افغان سرزمین کو اپنے ہمسایوں، خطے اور اس سے باہر استعمال ہونے سے روکے۔اجلاس میں افغانستان کے ساتھ روابط کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا اور افغانستان میں حالات کو معمول پر لانے اور اس کے مختلف چیلنجز سے جامع انداز میں نمٹنے کے لیے علاقائی کوششوں کو مضبوط بنانے کے لیے چاروں ممالک کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔