نیو یارک ۔(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان کی معیشت کے تمام شعبوں میں امریکی سرمایہ کار ی کو راغب کرنا حکومت کی ترجیح ہے کاروبار میں آسانیوں کیلئے سہولیات فراہم کرنے پرتوجہ دے رہے ہیں، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کا مقصد سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ، مسائل کا فوری حل اور سہولت کاری کے ذریعے منصوبوں پر عمل درآمد کو تیز کرنا ہے۔انہوں نے ان خیالات کااظہارگزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے اپنے دورہ نیویارک کے دوران امریکا پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر کونسل کے صدر اور دیگر اعلیٰ عہدیداران اور امریکہ کے کارپوریٹ انٹرپرائزز کے سربراہان بھی موجود تھے ۔وزیر اعظم نے پاک امریکا تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید وسعت دینے کے حوالہ سے بتایاکہ پاکستان کی معیشت کے تمام شعبوں میں امریکی سرمایہ کار ی کو راغب کرنا حکومت کی ترجیح ہے، حکومت پاکستان نے کاروبار میں سہولیات کی فراہمی پر پر توجہ مرکوز کی ہے اور اس سلسلے میں کارپوریٹ حلقوں کی تجاویز کو ترجیح دی جارہی ہے۔ شرکا کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سے متعارف کرواتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ایس آئی ایف سی ایک اعلیٰ سطح کی ون ونڈو ایجنسی ہے جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کو چار اہم شعبوں، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی، اور کان کنی میں منصوبہ سازی اور عمل درآمد کے حوالے سے سہولت فراہم کر رہی ہے۔وزیر اعظم نے بتایا کہ ایس آئی ایف سی کا مقصد سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ، مسائل کا فوری حل اور سہولت کاری کے ذریعے منصوبوں پر عمل درآمد کو تیز کرنا ہے۔ وزیراعظم نےبتایا کہ پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں بالخصوص زراعت، فن ٹیک، دوا سازی، تیل و گیس اور کان کنی سمیت ٹیکنالوجی سیکٹر کی نشاندہی کی جہاں امریکی کمپنیاں حکومت کی پالیسیوں سے استفادہ کر سکتی ہیں اور باہمی طور پر مفیدمنصوبے شروع کر سکتی ہیں۔اجلاس میں پاکستان میں امریکی سرمایہ کاروں کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی جن میں سینئر نائب صدر اور انٹرنیشنل یو ایس چیمبر آف کامرس کے سربراہ جان مرفی، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایشیا،صدر امریکا پاکستان بزنس کونسل ایسپرانزا جیلالیان ،ایکسلریٹ انرجی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر اسٹیون کوبوس ، پیپسی کو، ایکسیلیریٹ انرجی، ٹی آر جی پاکستان، ماسٹر کارڈ، پی اینڈ جی ، ایلومینا اور ایبٹ کے سینئر نمائندگان شامل تھے۔ امریکا پاکستان بزنس کونسل کی صدر ایسپرانزا جیلالیان نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پاکستان امریکی سرمایہ کاری کے لئےسازگارمقام ہے اور اس حوالے سے کافی استعداد موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کونسل کے وفد کا پاکستان کا دورہ عنقریب متوقع ہے اور اس دورے میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے کا موقع ملے گا۔ بعد ازاں امریکی کاروباری کمپنیوں کے نمائندوں نے وزیر اعظم سے بات چیت کی اور وزیراعظم نے ان کے مختلف سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔