اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں ہیں جہاں وہ (کل) جمعہ کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم نے پائیدار ترقی کے اہداف پر اقوام متحدہ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز میں شرکت کی جہاں انہوں نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آفات اور غیر منصفانہ عالمی مالیاتی نظام سے بڑھے ہوئے قرضوں کے جال سے بچنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کی مدد پر زور دیاترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم نے سمندوں کی سطح میں اضافے سے لاحق وجودی خطرے پر اعلیٰ سطحی اجلاس اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کل ایک مباحثہ”لیڈرشپ فار پیس“ میں بھی شرکت کی۔ ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اعلیٰ سطحی مباحثے کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ، یورپ اور دیگر جگہوں پر پھیلتی ہوئی جنگیں، بڑی طاقتوں کے تنائو اور بڑھتی ہوئی غربت ورلڈ آرڈر کی بنیادوں کے لئے خطرہ ہیں۔انہوں نے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے اور دنیا میں امن و سلامتی کو مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کی تجویز پیش کی۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان ان مقاصد کے لئے سلامتی کونسل میں عمل پیرا ہوگا جب وہ اگلے سال کونسل میں اپنی نشست سنبھالے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر میوزو، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان، ایران کے صدر مسعود پازشکیان، فلسطین کے صدر محمود عباس، کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔