اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمدشیخ نے کہا ہے پاکستان ماحولیاتی اثرات کم کرنے کیلئے گرین شپنگ کی حمایت کرتا ہے،آئی ایم او کے سیکرٹری جنرل کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران اس بات کی تصدیق ہوئی کہ پاکستان بحیثیت بحری ملک آئی ایم او اعلیٰ ترین حفاظتی اقدامات کے اصولوں پر کام کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ان خیالات کا اظہار جمعرات کو عالمی یوم بحر جو ستمبر کی آخری جمعرات کو منایا جاتا ہے کے حوالے سے کراچی پورٹ ٹرسٹ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ سیدین رضا زیدی،ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن،کمانڈنٹ پاکستان میری ٹائم اکیڈمی،کمانڈر فورس پروٹیکشن بریگیڈ آف پاکستان نیوی سمیت دیگر معززین شریک تھےاس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا پاکستان بحری امور میں انتہائی ذمہ داری کے ساتھ گرین شپنگ اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کے استعمال سے جدید طرز طرزعمل کی بندرگاہوں کے حصول کیلئے بتدریج آگے بڑھ رہا ہے،کراچی پورٹ ٹرسٹ نے کراچی ہاربر میں تیل کے اخراج جیسے سنگین حادثات سے نمٹنے کیلئے خود کو جدید آلات سے لیس کیا ہے۔تقریب میں آئل سپل رسپانس ایکسرسائز اور بوٹ ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا۔