نیو یارک۔(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف اور عالمی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے معاشی استحکام اور ترقی کے فروغ دینے کے لیے حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ وزیراعظم نے پاکستان کے 7 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت کے حوالے سے 37 ماہ کے کامیاب سٹاف لیول معاہدے کے لیے آئی ایم ایف کے تعاون کو سراہا ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کی ملاقات ہوئی۔
پاکستان کے 7 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت کے حوالے سے 37 ماہ کے کامیاب سٹاف لیول ایگریمنٹ کے لیے آئی ایم ایف کے تعاون کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ اور نجی شعبے کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا۔وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی تکنیکی معاونت اور صلاحیت سازی کے پروگراموں کی بھی تعریف کی جس سے ملک کے اداروں کو مضبوط بنانے اور اس کے معاشی انتظام کو بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے اپنے ادارے کی جانب سے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا اور میکرو اکنامک استحکام کو برقرار رکھنے اور جامع اور
پائیدار ترقی کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیاملاقات کے دوران انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے لیے موافقت کی مالی اعانت کو متحرک کرنے کی فوری ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے اکتوبر میں ہونے والے سالانہ اجلاسوں کے دوران وزیر خزانہ کو آئی ایم ایف کی سینئر انتظامیہ کے ساتھ اس اہم مسئلے کو اٹھانے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنمائوں نے معاشی استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔