نیویارک۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور عالمی بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا نے وژن 2025 اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے مطابق پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا نے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب بھی
ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے عالمی بینک کی جانب سے حکومت پاکستان کے ساتھ اقتصادی اصلاحات ، غربت میں کمی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت پاکستان کے معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تعاون کو سراہا۔وزیراعظم نے عالمی بینک کے صدر کو حکومت کے پالیسی، انتظامی اور تنظیمی اصلاحات کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بتایا ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے توانائی، مالیات اور محصولات کے شعبوں میں اصلاحات نافذ کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان معاشی اصلاحات کی تکمیل کے لئے عالمی بینک کی جانب سے تعاون کا خیر مقدم کرے گا۔انہوں نے آبی نظام، توانائی اور انسانی ترقی سمیت پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے جدید مالیاتی حل تلاش کرنے پر زور دیا۔ وزیراعظم اور عالمی بینک کے صدر نے وژن 2025 اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے مطابق پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا