لاہور(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے کام کرنا سب کی ذمہ داری ہے،ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق پالیسیاں موجود ہیں، ان پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ایوان اقبال میں سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر فوکل پرسن طاہر شہباز، برگد آرگنائزیشن کی سی ای او میڈم صبیحہ ،رضاکاظمی، میڈم عظمی اور ماحولیاتی تبدیلی پر کام کرنے والے سکولوں کے بچوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی انتہائی سنگین مسئلہ اور پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی آبی ، قومی غذائی اور نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کی پالیسیوں پرعمل پیرا ہیں،آبی تحفظ ، زرعی پائیداری اور ناگہانی آفات کے خطرے کوکم کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ، سیلاب و دیگر قدرتی آفات میں ہم ہمیشہ متحد ہو جاتے ہیں ، پاکستان کے لوگ خوددارہیں اور یہاں کے نوجوان و بچے قابلیت کے حوالے سے کسی سے کم نہیں ۔رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے کام کرنے والے بچوں کے ورکنگ گروپ سے متاثر ہوئی ہوں ،ان بچوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ کسی سے کم نہیں ہیں ۔ انہوں نے بچوں سے کہا کہ وہ پاکستان کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ سموگ سے نمٹنے کیلئے پالیسیز سامنے آرہی ہیں ، صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور رابطے کیلئے کام ہو رہا ہے، حکومت کی مثبت پالیسیوں کے ثمرات جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ملک اور اس مسئلہ کو اجاگر کرنے کیلئے عالمی فورمز پر بھی آواز اٹھائی جا رہی ہے ۔ سیمینار کے اختتام پررومینہ خورشید عالم نے کوپ 29 کے تحت ماحولیاتی تبدیلی پر کام کرنے والے بچوں کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا اور ان کے کام کو خوب سراہا۔