لاہور۔(نمائندہ خصوصی )پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد نواز شریف اوروزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے عوامی جمہوریہ چین کے سفیرجیان زیاڈونگ نے ملاقات کی جس میں ٹیکنالوجی،بزنس اور سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیاگیا۔چین کے سفیرجیانگ زیاڈونگ نے وزیراعلی مریم نواز کو دورہ چین کی دعوت دی۔وزیراعلی پنجاب نے چین کے دورے کی دعوت شکریہ کے ساتھ قبول کر لی۔وزیراعلی نے چین کے لئے خصوصی چائنا اکنامک زون قائم کرنے کی پیشکش کی۔چینی سرمایہ کاروں کے لئے مراعات اور آسانیاں پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ چین کے ساتھ مل کر معاشی معجزے برپا کر سکتے ہیں۔پنجاب میں چینی دوستوں کا خیرمقدم کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔چین کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں۔عوام کو غربت سے نجات دلانے کے لئے چین کی مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہاکہ چین ہمارا بااعتماددوست ملک ہے،تعلقات پر فخر ہے۔مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کے لئے بہت سے فلاحی منصوبے لارہی ہیں۔محمد نوازشریف نے کہاکہ انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی میں چین کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔چین کی معاونت سے ٹیکنالوجی میں جدت لانا چاہتے ہیں۔ڈیری پروڈکشن کے لئے چینی مہارتوں سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔چین کے سفیر جیانگ زیاڈونگ نے پنجاب میں ہائبرڈ بیج کی کاشت 5لاکھ سے بڑھانے کی پیشکش کی۔انہو ں نے کہاکہ پنجاب میں 5لاکھ ایکڑ پر ہائبرڈ بیج کاشت کیا گیا،رقبہ مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے ایک ہزار کاشتکاروں کو جدید فارمنگ ٹیکنیک کی ٹریننگ دیں گے۔چینی ماہرین پنجاب کے کاشتکاروں کو پانی کے کفایتی استعمال کی ٹریننگ بھی دیں گے۔مریم نواز کا پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلی کے طور پر چین میں خیرمقدم کریں گے۔محمد نواز شریف کے دور حکومت میں پاک چین تعلقات بلندیوں کی طرف گامزن رہے۔محمد نواز شریف کی وزارت عظمی کے دور میں پاک چین تعلقات کی طویل تاریخ ہے۔سی پیک کے اپ گریڈڈ ویژن میں پنجاب کی شمولیت کا خیرمقدم کریں گے۔