اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بدھ کو یہاں نجکاری کمیشن کے ساتھ او جی ڈی سی ایل کے حصص ک منتقلی سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔نائب وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیر برائے اقتصادی امور، چیئرمین ایس ای سی پی اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ کمیٹی نے او جی ڈی سی ایل کے حصص کی سوورین ویلتھ فنڈ میں منتقلی اور فنڈ کے جلد آپریشنلائزیشن کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔نائب وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان سوورین ویلتھ فنڈ ایکٹ 2023 کے تحت تجویز کردہ ایڈوائزری کمیٹی ایکٹ کے تحت مقاصد کے حصول کے لیے فنانس، معاشیات یا دیگر متعلقہ شعبوں کے سرکردہ ماہرین پر مشتمل ہوگی۔