نیویارک۔(نمائندہ خصوصی ):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پیکیج کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یونہی محنت جاری رہی تو یہ پاکستان کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہو گا، پاکستان کے معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے یونہی محنت جاری رکھیں گے۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے معاشی اصلاحات کا نفاذ تیزی سے جاری ہے، پاکستان کے معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے یونہی محنت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافہ خوش آئند اور معاشی ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے، سفارتی محاذ پر کامیابیوں کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے ترسیلات زر میں اضافہ ان کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہےجس پر پاکستانی برادی کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر یونہی محنت جاری رہی تو انشاء اللہ یہ پاکستان کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا۔وزیراعظم نے آئی ایم ایف پیکیج کے حوالے سے معاونت فراہم کرنے والے دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات ، منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا اوت ان کی پوری ٹیم کا شکریہ کیا۔وزیرِ اعظم نے پوری حکومتی معاشی ٹیم، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب ،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وزیرِ مملکت خزانہ علی پرویز ملک، پاکستان کے چین میں سفیر خلیل ہاشمی، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ، سیکرٹری خزانہ کا بھی اس حوالے سے کوششوں اور محنت پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے تمام صوبائی حکومتوں بالخصوص وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیرِ اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کا بھی شکریہ ادا کیا۔