نیویارک (نمائندہ خصوصی )۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اوربنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزرڈاکٹر محمد یونس نےدونوں ممالک کے عوام کی ترقی کے لیے دوطرفہ، علاقائی اور کثیرالجہتی سطحوں پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کےپریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس سے ملاقات ہوئی۔ملاقات میں وزیراعظم نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے مابین مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت پر مبنی مضبوط برادرانہ تعلقا پ روشنی ڈالی۔ وزیرِ اعظم نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان موجود خیر سگالی سے استفادہ کرتے ہوئےوزیرِ اعظم نے پارلیمانی تبادلوں، باہمی عوامی روابط، کھلاڑیوں، ماہرین تعلیم، فنکاروں اور طلباء کے تبادلوں کے ذریعے تعلقات کومزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نے ڈاکٹر محمد یونس کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی، جس سے علاقائی تعاون اور دونوں ممالک کے مابین بات چیت میں مثبت پیش رفت ہوسکے گی۔ دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے عوام کی ترقی کے لیے دوطرفہ، علاقائی اور کثیرالجہتی سطحوں پر مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔