نیو یارک۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں، پاکستان کویت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں پر عزم ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیاو نگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر کویت کے ولی عہد شیخ
صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ملاقات میں کہی ۔وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں بشمول سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون اور عوامی اور سماجی تبادلے بڑھانے کے حوالے سے گفتگو کی۔وزیراعظم پاکستان نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت کویت اور پاکستان کے درمیان اقتصادی روابط اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے عمل درآمد کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا۔