کراچی ( بیورو رپورٹ) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جمعرات سے بارش کے نئے اسپیل کا بتایا گیا ہے۔ جن علاقوں میں بارش سے مسائل ہوئے وہاں مشینری اور عملہ تعینات کیا جائے ۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایمرجنسی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں چیف سیکریٹری سہیل راجپوت نے بتایا کہ وہ شہر کا دورہ کرکے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹاور، این آئی سی وی ڈی، جے پی ایم سی اور انڈرپاسز سے پانی نکال دیا گیا ہے، کھارادر اور آئی آئی چندریگر روڈ پر پانی ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ میں نے خود بھی اکیلے دورہ کیا ہے جن علاقوں سے پانی نکل گیا ہے لیکن کیچڑ موجود ہے وہاں سوئیپر یا مزدور لگا کر کیچڑ صاف کرائیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ جن جگہوں پر نکاسی آب کی لائنیں بند ہیں وہاں واٹر بورڈ کی اضافی فورس لگا کر لائنیں کھلوائیں، سیکریٹریٹ، ہائی کورٹ، انڈرپاسز کا کیچڑ صاف کریں میں دورہ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ جمعرات سے بارش کے نئے اسپیل کا بتایا گیا ہے، جن علاقوں میں بارش سے مسائل ہوئے وہاں مشینری اور عملہ تعینات کریں۔ چیف سیکریٹری سہیل راجپوت نے کہا کہ ای بی ایم کازوے کو ٹھیک کیا گیا ہے اب گاڑیاں چل رہی ہیں، کورنگی کراسنگ کاز وے پر کام ہو رہا ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ جو 15 پمپ موجود ہیں وہ فورا لگائیں، یہ پمپس شاہین کمپلیکس، قیوم آباد، اردو یونیورسٹی پر اور دیگر ضروری مقامات پر لگائیں۔ اجلاس میں وزیر اطلاعات شرجیل میمن، امتیاز شیخ، ناصر شاہ، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، کمشنر کراچی اقبال میمن، سیکریٹری بلدیات نجم شاہ، اسپشل سیکریٹری رحیم شیخ، سیکریٹری رہیبلی ٹیشن آصف میمن، ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر چنا اور دیگر نے شرکت کی۔