معروف آئی ٹی کمپنی سپر نیٹ لمیٹڈ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے جیم بورڈ(GEM BOARD)میں بک بلڈنگ کے ذریعے 475ملین روپے اکٹھے کر لیئے ہیں۔ کمپنی کے مطابق بک بلڈنگ کا 1.4گنازائدسبسکرپشن کے ساتھ ختم ہوگیا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے GEM Boardمیں لسٹڈملک کی پہلی آئی ٹی کمپنی سپرنیٹ کو ادارہ جاتی اور بڑے انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست ردِ عمل ملااور اسٹرائیک پرائس 22.50روپے فی حصص پر پہنچ گئی۔واضح رہے 475ملین روپے کی مجموعی بک بلڈنگ کے بعد سپرنیٹ پہلی اور سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ہے جو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے GEM Boardمیں لسٹ ہوچکی ہے۔
مقامی سرمایہ کاروں کے علاوہ غیر ملکی مالیاتی اداروں نے بھی PSXکے GEM Boardپر پہلی آئی ٹی کمپنی کی ابتدائی پیشکش میں بھرپور حصہ لیا۔ابتدائی پیش کش کا اجراء 21,111,121حصص پر مشتمل تھا جو 10روپے فی فیس ویلیو کے حساب سے سپر نیٹ کے مجموعی پوسٹ آفرنگ ادا شدہ سرمائے کا 18.81فیصدبنتا ہے۔بک بلڈنگ کا عمل 12اور 13اپریل کو اختتام پذیرہوا جبکہ رجسٹریشن کا عمل 22.50روپے فی حصص کی قیمت پر7اپریل سے شروع کیا گیا جس میں 12.50روپے فی حصص کا پریمیئم بھی شامل تھا۔
اس موقع پر بک بلڈنگ کے ایڈ وائزر اور بک رنر ٹاپ لائن سیکیوریٹیز کے سی ای او محمد سہیل نے کہا کہ یہ پیشکش پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک بار پھرنئی لسٹنگ کو بحال کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔ٹیک کمپنیز سے متعلق اسٹاک کی بہت زیادہ مانگ ہے اور اسی وجہ سے ہم نے سپر نیٹ کی بک بلڈنگ میں سرمایہ کاروں کا زبردست رجحان دیکھا۔
اس موقع پر سپر نیٹ کے سی ای او جمال ناصر نے اداروں اور انفرادی سرمایہ کاروں کا سپر نیٹ میں دلچسپی اور اعتماد ظاہر کرنے پر شکریہ ادا کیااور یقین دلایا کہ کمپنی میں ان کی سرمایہ کاری پر اچھا منافع ملے گا۔ ہم نے اپنے سرمایہ کاروں کو بہت اچھی قیمت پر حصص آفر کیے ہیں اور امیدہے کہ سرمایہ کاروں کو منافع کے ساتھ ساتھ کمپنی پر ان کے اعتماد میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔
1995میں قائم کی گئی سپر نیٹ ملک کے معروف ٹیلی کمیونیکیشن سروس فراہم کنندہ میں سے ایک ہے۔کمپنی ٹیلی کام، دفاع، نجی فرموں اور سرکاری شعبوں اور مقامی صارفین کیلئے عالمی طورپر مربوط مواصلاتی بنیادی ڈھانچے کے سلوشنز کا ایک مکمل پورٹ فولیوفراہم کرتی ہے اور پاکستان بھر میں 200سے زائد شہروں اور قصبوں میں پھیلی ہوئی مواصلات اور آئی ٹی ٹیکنالوجیزکی وسیع رینج میں اعلیٰ تربیت یافتہ اورتجربہ کارانسانی وسائل کا ذخیرہ رکھتی ہے۔
کمپنی سائبر سیکیوریٹی، پاور سلوشن اور آئی ٹی انفرااسٹرکچرسلوشنز کے کاروبار میں جارحانہ توسیع کررہی ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں فہرست سازی سے حاصل ہونے والے سرمائے کو کمپنی کے توسیعی منصوبو ں کی مالی اعانت کیلئے استعمال کیا جائے گا۔