اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات،پی ٹی آئی نے پری پول دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی،پی ٹی آئی نے درخواست میں ن لیگ کو فریق بنایا ہے،پی ٹی آئی دھاندلی کیخلاف مفصل دستاویزی شواہد بھی الیکشن کمیشن کو جمع کرادئیے۔الیکشن کمیشن کے باہر پی ٹی آئی رہنماءعمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں ضمنی الیکشن میں ن لیگ حواس کھو بیٹھی ہے،ہم ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں ،جو مرضی ہتھکنڈے استعمال کریں تحریک انصاف کامیاب ہو گی ۔ انہوں نے کہاکہ پوسٹنگ ٹرانسفر بےدھڑک کی جا رہی ہے،(ن )لیگ والے اپنے چاہنے والا افسران لگوا رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ترقیاتی سکیموں کا اعلان کیا جا رہا ہے،عوام بیدار ہو چکی ہتھکنڈے ناکام ہونگے ،ڈی پی او جھنگ اثرانداز ہو رہے ہیں ،اس کے خلاف ہمارے دو ایم این ایز نے تحریک استحقاق دائر کی ۔انہوںنے کہاکہ یہ چیزیں قابل برداشت نہیں،راجن پور کے ڈی سی بھی کھل عام ن لیگ کے امیدوار کی مہم چلا رہے ہیں،عمران خان کے سپاہیوں کو زد کوب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ،یہ صاف دھاندلی کے چکروں میں ہیں،ہم دھاندلی نہیں کرنے دیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ سرکاری مشینری تھانہ تحصیل کچہری کو استعمال کر کے ن لیگ کے امہدوار کا ساتھ دینے کا کہا جا رہا ہے،جعلی ترقیاتی کاموں کے اعلانات کو بند کریں ۔انہوں نے کہاکہ 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات پر ن لیگی حکومت اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھی ہے ،چھاتہ برداروں کی طرح وفاقی و صوبائی وزرا اپنی وزارتوں سے استعفے دے رہے ہیں ،یہ جو بھی ہتھکنڈے استعمال کریں پی ٹی آئی کامیاب ہوگی ۔