لندن۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع سوات کے علاقے مالم جبہ میں پولیس موبائل پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں ۔اتوار کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان میں وزیر
اعظم نے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیر اعظم نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی اور ان کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس فورس کی لازوال قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔