کراچی (نمائندہ خصوصی )سینئر صوبائی وزیر اطلاعات ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات میں اضافہ دونوں ملکوں کے عوام کیلئے خوشحالی کا عملی ثبوت ہے۔دونوں ممالک آرٹ،تعلیم،ثقافت اور تجارت کے شعبے میں بہت آگے جاچکے ہیں۔وہ ایرانی سفارتخانے میں ایرانی قونصل جنرل اور کنزومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام حضور ﷺ کے ولادت کے ماہ مبارک ربیع الاول کے موقع پر دو قوم اور ایک ذائقہ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی بات کررہے تھے۔اس موقع پر میزبان قونصل جنرل ڈاکٹر حسن نوریان،چیئرمین کنزومر ایسوسی ایشن کوکب اقبال،فارن افیئر آفس کے ڈائریکٹر جنرل عرفان سومرو، شان فوڈ کی ڈائریکٹر مارکیٹنگ علیزے فرح نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں ارارکین قومی اسمبلی ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ،شازیہ عطا مری،صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی،ذولفقار علی شاہ،جام اکرام اللہ دھاریجو،اراکین سندھ اسمبلی،چین،ترکیہ،روس،سلطنت آف عمان،انڈونیشیااور دیگر ملکوں کے سفارتکاروں کے علاوہ اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں پاکستانی اور ایرانی کھانے تیار کرنے والے شیفس شرجیل انعام میمن،کوکب اقبال،علیزے فرح و دیگر کو شیٹ و سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا،صوبائی وزیر شرجیل انعامیمن نے مزید کہا کہ ربیع الاول کے ماہ مبارک میں ایرانی سفارتخانے میں منعقدہ تقریب میں آکر خوشی ہورہی ہے،پاکستان اور ایران خطے کے دو اہم ممالک ہیں جو موجودہ چیلنجز کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے سفارتی تعلقات اتحاد بین المسلمین کی مکمل عکاسی کرتے ہیں۔ دونوں ممالک نے مسلم امہ کو درپیش مسائل پر یکساں موقف اختیارکیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان پاکستان اور ایران کے درمیان قائم مضبوط رشتے کو مزید مستحکم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں موجود شرکاء پاکستانی اور ایرانی ذائقہ دار کھانوں سے لطف اندوز ہوں گے۔ اس سلسلے میں ایرانی قونصل جنرل اور کوکب اقبال کی کاوش خراج تحسین ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے قونصل جنرل ڈاکٹر حسن نوریان نے کہا کہ مسلمانوں کے لئے ربیع الاول کا مبارک مہینہ اس لحاظ سے زیادہ اہم ہے کہ اس ماہ میں حضور ﷺ تشریف لائے۔انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان قدیم ثقافت اور تاریخی ورثے میں جڑے ہوئے ہیں۔ فارسی زبان سے پاکستان کے لوگوں کو خصوصی لگاؤ ہے،دونوں ممالک ادب کے شعبے میں بھی ایک دوسرے کے قریب ہیں۔دونوں ممالک کے شعراء کرام رومی اور حفیظ کے کلام کو بہت پسند کیا جاتا ہے اسی طرح سے دونوں ممالک رمضان اور عید مذہبی جوش و جذبے سے مناتے ہیں۔انہوں نے کھانوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران اپنی کھانوں میں مصالحہ جات کرتے ہیں جس سے بریانی قورمہ،کباب اور دیگر ذائقہ دار ڈشے تیار ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت میں امید افزا اضافہ ہورہا ہے اور ٹورزم کے شعبے میں بھی دونوں ملک آگے بڑھ رہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فارن افیئرز کے ڈائریکٹر جنرل عرفان سومرو نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی ثقافت صدیوں پر مشتمل ہے، دونوں ملک اپنے تعلقات کو وسیعت دینے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہے۔کوکب اقبال نے مہمانوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب میں پاکستان اور ایران کے بڑھتے ہوئے تعلقات کی مکمل عکاسی کی گئی ہے میں مہمانوں کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے آج کی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ تقریب کو منعقد کرنے میں ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان نے بہت تعاون کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شان فوڈ کی ڈائریکٹر مارکیٹنگ علیزے فرح نے کہا کہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ آج ایران کے سفارخانے میں منعقدہ شاندار تقریب میں موجود ہوں اور اپنے خیالات کا اظہار کررہی ہوں۔انہوں نے کہا کہ شان فوڈ ہمیشہ سماجی اور ثقافتی تقریبات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ تقریب میں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن،کوکب اقبال ایران کے شیف سحر فراشے،گلزار شیخ،سیدہ سبین فاطمہ،بلال حیدر،عرفان واسطی،محمد فیصل غوری،راحیل جان،محمد آصف عزیز،علی عباس،اورنگزیب عباسی،عقیل عباس،بشیر حسین،حمزہ عابد،سید محمد عامر رضوی،حماد غوث و دیگر کو شیلڈ و سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔