اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے فواد چوہدری نے کہا ہے کہ (ن )لیگ کے 19 امیدواروں کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دی ہے، آرٹیکل 62 ایف کے تحت 19 حلقوں کے ن لیگ کے امیدوار الیکشن لڑنے کے اہل نہیں ہیں۔فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری درخواست ہے کہ یہ 19 لوگ الیکشن لڑنے کے اہل نہیں ہیں، تمام حلقوں میں ن لیگ کا ورکر ان کے ساتھ نہیں اس لیے آدھی کابینہ سے استعفیٰ دلوانا پڑا، امید ہے کہ الیکشن کمیشن ایک سے دو دن میں ہماری درخواست پر فیصلہ کر دے گا۔انہوںن ےکہاکہ ایکس اور وائے کو صرف یہ کرنا ہے کہ وہ کچھ نہ کریں۔فواد چوہدری نے کہا کہ ملک انقلاب کے لیے تیار ہے، چاہتے ہیں کہ ووٹ سے انقلاب کی طرف بڑھیں، ملک کی اشرافیہ کو حالات سمجھنے کی ضرورت ہے، ووٹ کے ذریعے تبدیلی عوام کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات ہی واحد راستہ ہے، ہم نے عوام کو حکمرانوں کے محلات کی طرف جانے سے روکا ہوا ہے، اگر انقلاب کو روکا گیا تو حالات مختلف ہوں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ دھاندلی کا بیانیہ بار بار سامنے آ رہا ہے، مظفر گڑھ میں ہمارے امیدوار معظم جتوئی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل سستا ہوا، پیٹرول کی قیمتیں 150 روپے فی لیٹر ہونی چاہئیں۔