زیان، چائنہ ۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم، ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین انرجی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے مشترکہ اہداف رکھتے ہیں اور یہ دورہ توانائی کے شعبے میں جدت کے حوالے سے تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کا موقع ہے۔ ان خیالات کا اظہار توانائی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کی ایک اہم پیشرفت کے لئے وفاقی وزیر برائے پٹرولیم، ڈاکٹر مصدق ملک نے 8 ویں سلک روٹ ایکسپو کے موقع پر چین کی معروف توانائی کمپنی یان چانگپٹرولیم کا دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس دورے نے دونوں ممالک کے درمیان توانائی کی تلاش، جدت اور پائیدار ترقی کے میدان میں اسٹریٹجک شراکت داری کو بڑھانے کے عزم کو اجاگر کیا۔دورے کے دوران، ڈاکٹر مصدق ملک کا استقبال یان چینگ پٹرولیم کی سینئر قیادت نے کیا، جس کی سربراہی ڈپٹی چیف مینیجر نے کی، جنہوں نے کمپنی کے جاری منصوبوں اور مستقبل کی ترقیاتی حکمت عملیوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ بات چیت میں تیل اور گیس کی تلاش، ریفائنری تعاون، مربوط کوئلہ صنعتی کمپلیکس اور تکنیکی جدتوں جیسے کئی اہم شعبے شامل تھے۔وفاقی وزیر نے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین انرجی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے مشترکہ اہداف رکھتے ہیں، اور یہ دورہ توانائی کے شعبے میں جدت کے حوالے سے تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کا موقع ہے۔دورے میں یان چانگ پٹرولیم کی جدید ترین تنصیبات کا دورہ بھی شامل تھا۔ انہیں کمپنی کی توانائی ٹیکنالوجیز میں تازہ ترین پیشرفتوں، بشمول قابل تجدید توانائی کا انضمام اور کاربن کیپچر کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بات چیت نے تیل اور گیس کی تلاش میں ممکنہ مشترکہ منصوبوں اور تعاون کی راہ ہموار کی، نئے مواقع بھی سامنے آئے۔یان چینگ پٹرولیم کے ڈپٹی چیف مینیجر نے کہاکہ ڈاکٹر مصدق ملک کو یان چینگ کمپنی آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ اس دورے نے مستقبل کے تعاون کی بنیاد رکھی ہے۔ گہرے تبادلے کے بعد ہمارے پاس تعاون کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔ پاکستانی کمپنیاں مختلف متوقع منصوبوں کے تکنیکی اور تجارتی پہلوئوں پر تفصیلی بات چیت کریں گی۔ یہ دورہ پاکستانی اور چینی توانائی کمپنیوں کے درمیان توانائی کے مکالمے میں ایک نئے باب کا آغاز ہے، جو مستقبل کے منصوبوں کے لیے راہ ہموار کرے گا جو نہ صرف معاشی ترقی کو فروغ دے گا بلکہ جدت اور ٹیکنالوجی کو بھی آگے بڑھائے گا۔