مکہ مکرمہ ( نمائندہ خصوصی )فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد سرکاری اسکیم کے تحت حاجیوں کی وطن واپسی کا عمل 15 جولائی سے شروع ہوگا،ایئربلیو کی دو پروازیں مجموعی طور پر 414 حجاج کرام کو لے کر جدہ سے ملتان اور لاہور پہنچیں گی۔ مکہ مکرمہ میں قائم مرکزی کنٹرول آفس کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق حج کے بعد فلائٹ آپریشن میں پی آئی اے، ایئربلیو، سرین اور سعودی ایئرلائن کی 134 پروازیں حصہ لیں گی۔ مکہ سے مدینہ منورہ کیلئے حاجیوں کی روانگی کا عمل 17جولائی کو شروع ہوگا جبکہ مدینہ منورہ سے پاکستان کیلئے پہلی حج پرواز 25 جولائی کو وطن واپس روانہ ہوگی۔
پوسٹ حج آپریشن کے تحت مجموعی طور پر 17000 حجاج کرام کو مدینہ منورہ روانہ کیا جائے گا۔ جبکہ 17 ہزار حجاج کرام حج سے قبل مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کر چکے ہیں۔ 12 اگست تک سرکاری اسکیم کے تمام حاجیوں کو وطن پہنچانے کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔