راولپنڈی:(نمائندہ خصوصی )آزاد جموں وکشمیر حکومت کی وزیر محترمہ امتیاز نسیم نے کہاہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبوضہ جموں و کشمیر میں نام نہاد الیکشن کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈھونگ انتخابات کشمیریوں کے حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہو سکتے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محترمہ امتیاز نسیم نے کشمیر سنٹر راولپنڈی میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی صریحاًخلاف ورزی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے تنازعے کا حتمی فیصلہ کشمیری عوام کی رائے کے مطابق رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر لبریشن سیل وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی ہدایات کی روشنی میںبھارت کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر پروگرامات ترتیب دے رہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کریں اور عالمی رہنمائوں تک سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا پیغام پہنچائیں۔امتیاز نسیم نے کہاکہ اس سلسلہ میں جموں و کشمیر لبریشن سیل کا سوشل میڈیا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میںاسمبلی انتخابات کو دو ٹوک طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتخابات کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کا نعم البدل نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے اگست 2019 کو غیر قانونی طورپر جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کی اور مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے لاکھوں غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل سرٹیفیکیٹس جاری کئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت اپنے 5اگست2019کے غیر قانونی اقدامات کو جواز فراہم کرنے کیلئے مقبوضہ علاقے میں انتخابی ڈھونگ رچا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان انتخابات کا ایک اور مقصد مقبوضہ علاقے میں ہندو وزیر اعلی منتخب کروانابھی ہے۔ جموں و کشمیر میں بھارت کی زیرنگرانی منعقد ہونے والے نام نہاد اور مضحکہ خیز انتخابات کی بین الاقوامی قانون کی نظر میں کوئی قانونی اہمیت نہیں ہے۔ آزاد کشمیر کی وزیر نے کہاکہ دس لاکھ سے زائد قابض بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں جموں وکشمیرمیں منصفانہ انتخابات ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے پیدائشی حق خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔اس موقع پر سیکرٹری کشمیر کاز آرٹس اینڈ لینگویجز مرزا وجاہت رشید بیگ، ڈائریکٹر کشمیر سنٹر راولپنڈی راجہ خان افسر خان، سردار ساجد محمود، سردار نجیب الغفور خان، راجہ راشد رضا، فرحان قیوم عباسی اور دیگر آفیسران موجود تھے۔