اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی و جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے شمالی و جنوبی وزیرستان میں مختلف جھڑپوں کے دوران خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کی تعریف کی اور فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اعادہ کیا ۔صدر مملکت نے کارروائیوں کے دوران جان کی قربانی پیش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ملک کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ صدر مملکت نےاس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے ۔ صدر مملکت نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت بھی کیا اور شہداء کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔