اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن کی وائس چانسلر پروفیسر حنا طیبہ نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات کی۔ جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان کے فیشن اور ڈیزائن کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے ایک "ڈیزائن سینٹر کانسیپٹ” متعارف کرانے پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں فیشن انڈسٹری میں تعلیم، تحقیق
اور ترقی کے مواقع کو فروغ دینے کے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کا حتمی مقصد برآمدات کو فروغ دینا اور بین الاقوامی منڈیوں میں رسائی حاصل کرنا ہے۔پروفیسر حنا طیبہ نے کہا کہ ڈیزائن سینٹر کا یہ تصور آسٹریلیا، برطانیہ، چین اور امریکہ (میامی) جیسے ممالک میں بین الاقوامی سطح پر قائم کردہ ڈیزائن مراکز سے متاثر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں اس طرح کا مرکز صنعت کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرے گا، خاص طور پر اعلیٰ تعلیم اور تحقیق میں ملک کی عالمی مسابقت میں اہم کردار ادا کرے گا۔وفاقی وزیر جام کمال خان نے اس تصور کو سراہا اور آئندہ ہونے والی ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (ای ڈی ایف) بورڈ میٹنگ میں مزید بات کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے وزارت تجارت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور آئندہ ای ڈی ایف اجلاس کے لیے فیشن انڈسٹری سے متعلق مزید تجاویز کی حوصلہ افزائی کی۔