اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):پاکستان نے لبنان میں الیکٹرانک آلات کے دھماکے کے ذریعے ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونی ممالک میں دہشت گردی کے لیے سائبر اور الیکٹرانک ذرائع کا استعمال قابل مذمت ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان رواں ہفتے لبنان میں الیکٹرانک آلات کے دھماکے کے ذریعے کیے گئے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بیرونی ممالک میں دہشت گردی کے لیے سائبر اور الیکٹرانک ذرائع کا استعمال قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ حملے خطے میں اسرائیل کی خطرناک مہم جوئی کا مظہر ہیں جس سے امن و سلامتی کو خطرہ ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیل کو اس کی بین الاقوامی دہشت گردی کی کارروائیوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے لیے جوابدہ ٹھہرانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس سال 19 جولائی کو پیش کی گئی آئی سی جے کی مشاورتی رائے پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا اور آئی سی جے کی مشاورتی رائے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد کا خیرمقدم کیا۔انہوں نے غزہ میں ایک سکول اور مہاجرین کی پناہ گاہ پر اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پناہ گزین کیمپوں سمیت اہداف پر اس طرح کے حملے آئی سی جے کے عارضی اقدامات کی روح کی بھی خلاف ورزی کرتے ہیں جن میں غزہ کے لوگوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری خدمات اور انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا گیا تھا۔