مظفرآباد :(نمائندہ خصوصی ) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بندوق کی نوک پر رچائے جارہے انتخابی ڈھونگ کے خلاف مظفر آباد میں احتجاجی مظاہرے اور ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پاسبان حریت کے زیر اہتمام ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ مظاہرین نے سیاہ جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ”انتخابات نہیں استصواب رائے چاہیے ” کے نعرے درج تھے ۔مظاہرین ”بھارت سے لیں گے آزادی” اور”ہے حق ہمارا آزادی”جیسے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔مقررین نے کہاکہ بندوق کی نوک پر منعقد ہونے والے انتخابات ایک دھوکے کے سوا کچھ نہیں۔انہوں نے کہاکہ انتخابات آزادی اور حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہوسکتے ۔انہوں نے کہاکہ نریندرمودی مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاسی مخالفین کو جیلوں میں بند کر کے ڈھونگ انتخابات مسلط کر رہا ہے ۔ مقررین نے کہاکہ بھارتی حکومت مقبوضہ جموںو کشمیر میں فراڈ حلقہ بندیاں کرکے پہلے ہی دھاندلی کر چکی ہے جبکہ کشمیری عوام کے حقیقی نمائندے اس وقت بھی ظلم و بربریت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کرتی ہے اورنام نہاد انتخابات اس مسئلے کا حل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام بھارت سے صرف اور صرف آزادی چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ 10لاکھ قابض فوجیوں کی موجودگی میں انتخابات آزادانہ اور منصفانہ نہیں ہو سکتے اوربھارت کا واحد مقصدعلاقے پر اپنے غیر قانونی قبضے کو مضبوط کرنا ہے۔ مقررین نے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انتخابی ڈرامہ رچا کر 5اگست 2019کے غیر قانونی اقدامات کو قانونی حیثیت دینا چاہتا ہے ۔ احتجاجی ریلی میںچیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی ، جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے رہنما آصف گیلانی ، تاجر رہنما عبدالرزاق خان ، حریت رہنما مشتاق الاسلام اورسماجی کارکن جاوید مغل سمیت مختلف سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کی ۔