اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین سے روسی فیڈریشن کے نائب وزیر صنعت و تجارت مسٹر الیکسی گرزدیو نے ملاقات کی جس میں روسی تعاون سے کراچی میں نئی سٹیل مل کے قیام سمیت صنعتی اور زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے امور زیر بحث آئے۔ وزارت صنعت پیداوار کے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ ملاقات میں روسی فیڈریشن کے نائب تجارتی نمائندہ ڈینس نیوزوروف جبکہ وفاقی سیکرٹری برائے صنعت و پیداوار سیف انجم ، وفاقی سیکرٹری برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ علی طاہر، ایڈیشنل سیکریٹری، وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق امیر محی الدین ،
ڈپٹی چیف وزارت صنعت و پیداوار عبدالصمد، ایگزیکٹو انجینئر پاکستان سٹیل ملز محمد شعیب شریک تھے۔ملاقات میں روس کے تعاون سے کراچی میں نئی سٹیل مل کے قیام کی تجویز پر غور ہوا۔ دونوں ممالک نے بات چیت کے لیے ورکنگ گروپس کی تشکیل پر اتفاق کیا۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان سے صنعتی اور زرعی ماہرین روس کا دورہ کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان توازن تجارت پر زور دیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز کی 700 ایکڑ اراضی نئی سٹیل مل کے قیام کے لیے مختص کی گئی ہے،مجوزہ سائٹ کراچی میں واقع ہے جو پاکستان کی معیشت کا سب سے بڑا شہر اور محرک ہے، یہ پورٹ قاسم کے قریب بھی واقع ہے جو خام مال کی نقل و حمل کی لاگت کو کم کرتا ہے۔وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہاکہ زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے جدید زرعی مشینری کی ضرورت ہے، روسی سرمایہ کاروں کو ملک میں سہولت فراہم کی جائے گی۔ روسی فیڈریشن کے نائب وزیر صنعت و تجارت الیکسی گرزدیو نے کہا کہ روس پاکستان کو جدید زرعی مشینری فراہم کرے گا۔