اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )انسٹیٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ (انسپاڈ) کے صدر سردار محمد طاہر تبسم نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں وکشمیر میں انتخابات کو دھوکہ اور ڈھونگ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کشمیری قیادت اور غیر قانونی طور پر زیرحراست کشمیریوں کو غیر مشروط طور پر رہا کرے اور جعلی و فرضی مقدمات ختم کئے جاہیں۔بدھ کو ایک بیان میں سردار طاہر تبسم نے کہا کہ بھارت نے نا م نہاد الیکشن کی آڑ میں بھارتی فورسز کو کشمیر میں بھیجا ہے اور سرچ آپریشن کے نام پر سول آبادی کوہراساں اور شہریوں گرفتار کیا جارہا ہے جو عالمی قوانین کی سراسر خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کبھی عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل نہیں کیا ۔ وہاں جمہوریت کے نام پر ہندو توا کی پالیسی پر عمل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایسے جعلی انتخابات استصواب رائے کا متبادل نہیں ہوسکتے۔ سردار محمد طاہر تبسم نے کہا کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے حق خودارادیت دیا جاہے اور کشمیری قایدین کو فوری رہا کیا جائے۔