اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر دفاع و دفاعی پیداوار خواجہ محمد آصف سے جمہوریہ تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف تویر اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغادم نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں دوطرفہ دفاعی ،اقتصادی اور ایوی ایشن امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر دفاع نے تمام تصفیہ طلب علاقائی مسائل کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا اور خطے میں امن اور اقتصادی روابط کے فروغ کے لیے تاجکستان کی کوششوں کو سراہا۔
تاجک سفیر نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان موجود برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔اس کے علاوہ انہوں نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا یقین دلایا۔اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغادم نے بدھ کو اسلام آباد میں وزیر دفاع، دفاعی پیداوار اور ہوا بازی خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی۔وزیر دفاع نے اس حقیقت پر زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان صدیوں پرانی مذہبی اور ثقافتی وابستگیوں سے جڑے خوشگوار اور برادرانہ تعلقات ہیں۔مشترکہ سرحدی کمیشن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ پاکستان نے بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں اور اس معاملے پر مشترکہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔دونوں فریقین نے دوطرفہ تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں اسے مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔