راولپنڈی ۔(نمائندہ خصوصی ):پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے روسی نائب وزیراعظم الیکسی اوور چوک نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پرتبادلہ خیال ہوا۔آئی ایس پی
آر کے مطابق یہ اہم ملاقات جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے روس کے ساتھ روایتی دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، فریقین نے سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔روسی نائب وزیراعظم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کی تعریف کی۔ روسی نائب وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستانی افواج کی کوششوں کو بھی سراہا۔