اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے برطانیہ کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت اور سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، سماجی روابط کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور کثیر الجہتی امور پر ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیاہے۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے برطانوی
ہائی کمشنر جین میریٹ وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے برطانیہ کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات ہیں، جنہیں مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔وزیراعظم نے حکومت کی ترجیحات بالخصوص ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیر اعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، سماجی روابط کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور کثیر الجہتی امور پر ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم لاکھوں پاکستانی دونوں ممالک کے تعلقات کے پل کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کا دونوں ممالک کے بہتر تعلقات میں ایک کلیدی کردار ہے۔وزیراعظم نے کنگ چارلس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے برطانوی حکومت کی جانب سے پاکستان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔