اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان اور روس نے بدھ کو وزارت خارجہ اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں معیشت اور تجارت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ۔ تقریب میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور روسی فیڈریشن کے نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک نے بھی شرکت کی۔پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج اور سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل مرکنٹائل ایکسچینج کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر پاکستان کی جانب سے پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج کے قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر فرحان طاہر اور روس کی جانب سے صدر سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل مرکنٹائل ایکسچینج ایگور آرٹیمیف نے دستخط کئے ۔پاکستان نے بین الاقوامی ٹرانسپورٹ کوریڈور بیلاروس-روس-قازقستان-ازبکستان-افغانستان-پاکستان کی تعمیر اور ترقی سے متعلق مفاہمت نامہ میں شمولیت کا بھی اعلان کیا۔ دستاویز پر پاکستان کی طرف سے سیکرٹری وزارت مواصلات علی شیر محسود نے دستخط کئے۔