کراچی( نمائندہ خصوصی)چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی میں شرکت کرنے ولے تمام فنکاروں اور مہمانوں کا پرجوش استقبال کیا جائے گا اور سندھ حکومت ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کی میزبان ہے۔ یہ بات انہونے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد اقبال میمن، صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈہو، سیکریٹری جامعات محمد عباس بلوچ، سیکریٹری امپلیمنٹیشن اینڈ کوآرڈینیٹش، قائم مقام کمشنر کراچی، ڈپٹی کمشنر سائوتھ، سمیت ایئر پورٹ سیکیوریٹی فورسز کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ نے اجلاس میں بتایا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی میں 40 ممالک کے 400 سے زائد فنکار و اداکار پرفارم کریں گے، 35 روزہ یہ فیسٹیول 26 ستمبر تاں 30 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ محمد احمد شاہ نے مزید کہا کہ فیسٹیول میں امریکہ، یورپ اور افریقہ، عرب ممالک کے مختلف فنکار پرفارم کریں گے۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈہو نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا فیسٹیول ہے جس کے لئے سیکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت دی اور سیکریٹری جامعات کو صوبے کی تمام جامعات کے طلبہ کو فیسٹیول میں شرکت کے لیے مدعو کرنے کی بھی ہدایت کی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن(KMC) کو شہر کے راستوں کی مرمت اور خوبصورتی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ فیسٹیول کے ذریعے سندھ میں بین الاقوامی سیاحت اور ثقافتی رابطوں کو فروغ ملے گا۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی میں شرکت کرنے ولے تمام فنکاروں اور مہمانوں کا پرجوش استقبال کیا جائے گا جس کے لئے کراچی ایئرپورٹ پر ایک خصوصی ڈیسک بھی بنایا جائے گا، انہونے کہا کہ کمشنر کراچی اور سیکریٹری امپلیمنٹیشن اینڈ کوآرڈینیٹشن اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہیں گے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ وہ اس فیسٹیول کی مکمل اونرشپ لیتے ہیں اور سندھ حکومت ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کی میزبان ہے۔