کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کچرا ٹرانسفر اسٹیشن سے لینڈ فل سائیٹ تک لے جانے کے لئے ٹرک، ڈمپر ڈرائیورز کو ٹریفک پولیس ٹریننگ فراہم کرے گی، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں انہوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈرائیورفاسٹ ٹریک پر گاڑی نہ چلائیں، گاڑی کو ترپال سے کورکریں تاکہ ٹرک سے کچرا اور پانی سڑکوں میں نہ پھیلے، اور دیگر ٹریفک کی آمدورفت اور شہری متاثر نہ ہوں اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن طارق نظامانی، ڈی آئی جی ٹریفک پولیس احمد نواز ودیگر افسران نجی کمپنیز کے عہدیداران موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ نجی کمپنیز کے عہدیداران تمام گاڑیوں میں RFID سسٹم نصب کریں تاکہ تمام گاڑیاں مانیٹر کی جا سکیں جبکہ ڈرائیورز اورکچرے کے ٹرک ڈمپر کاڈیٹا ٹریفک پولیس کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ ڈمپر فاسٹ ٹریک پر چلائیں گے توٹریفک پولیس قانونی چارہ جوئی کرے گی۔ لہذا تمام ڈرائیورزکو تنبہہ کریں۔تمام ڈرائیورز کے پاس لائسنس اور پولیس ویریفیکیشن سرٹیفیکیٹ ہونا لازمی ہے، انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس تمام ڈرائیور کو ٹریننگ فراہم کرے گی لہذا ٹریننگ کے لئے شیڈیول تیار کیا جائے تاکہ عملدرآمد کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گاڑیوں کو صاف ستھرا رکھیں ہر گاڑی کی رجسٹریشن نمبرواضح نظر آئے۔ رش کے ٹائم پر ٹرک، ڈمپر کی آمدو رفت کو محدود رکھیں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں۔ اس موقع پرنجی کمپنی کے عہدیداران نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تمام ڈرائیورزکی ٹریفک قوانین کے حوالے سے ٹریننگ کروائی جائے گی، اس کے علاوہ تمام ڈرائیورز کی بھرتی کے لئے انکی پولیس ویری فیکیشن اور لائسنس چیک کیا جائے گا۔ڈرائیورز کو پابند کیا جائے گا کہ وہ گاڑی فاسٹ ٹریک پر نہ چلائیں۔ اس سلسلے میں کچرا لینڈ فل سائیٹ لے جانے کے ٹائمنگ میں بھی ردوبدل کی ضرورت پیش آئے گی تو اس پر بھی عمل کیا جائے گا۔