چنیوٹ ۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے منگل کو چنیوٹ کے اسلامیہ ہسپتال میں نئے سولر سسٹم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین میاں شفیق، وائس چیئرمین میاں قمر صدیق، منیجر آصف اقبال اور ایم ایس ڈاکٹر صادق علی بھی موجود تھے۔افتتاحی تقریب کے دوران وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ ہم ہمیشہ چنیوٹ کے عوام کے لیے سرگرم رہتے ہیں اور شہر کی ترقی کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔چنیوٹ کے ترقیاتی کام کو پورا ملک سراہتا ہےاور اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چار ڈویژنز میں سے صرف چنیوٹ کو یہ اہم وفاقی وزارت حاصل ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ دو دن بعد چنیوٹ میں آنکھوں کے ایک نئے ہسپتال کا افتتاح بھی کیا جائے گا، جس سے صحت کے شعبے میں مزید بہتری آئے گی۔ قیصر احمد شیخ نے اسلامیہ ہسپتال کے لیے 15 لاکھ روپے کا عطیہ بھی دیا اور کہا کہ یہ عطیہ ہسپتال کی ترقی اور مریضوں کی بہتر سہولتوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔آخر میں انہوں نے تمام مقامی افراد اور اداروں کا شکریہ ادا کیا جو ان کی کوششوں میں ان کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔